منگل، 10 اکتوبر، 2017


سوال : علم، سوچ، یاداشت، ذہن، ذہانت، ذہنیت، شعور کیا ہے؟
جواب : یہ سوال ایک فیسبکی دوست کی طرف سے کیا گیا تھا جس کا میں نے ایک تحریر کی شکل میں جواب دینے کا وعدہ کیا تھا۔ اس سوال کے ہر جُز کے بارے میں بہت تفصیل کیساتھ لکھا جا سکتا ہے لیکن میں نے اسکو اتنا ہی مختصراً بیان کرنے کی کوشش کی ہے جس سے اسکا مطلب اور معانی واضح سمجھ میں آ سکے۔ اور دوستوں سے بھی گزارش ہے کہ وہ اس سوال پر اپنی رائے ضرور دیں تاکہ مذید سیکھا جا سکے۔
علم :
یوں تو علم کی بہت ساری تعریفیں ہیں لیکن علم کی تعریف سادہ الفاظ میں یوں کی جاتی ہے۔ " وہ مہارت جو حقائق، معلومات، تجربے یا تعلیم کے ذریعے حاصل کی جائے علم کہلاتا ہے۔" علم ایک مضمون کی نظریاتی یا عملی تفہیم کا حوالہ دیتا ہے۔ روزمرہ کی زندگی میں علم مختلف اشیاء، واقعات، خیالات یا چیزوں سے واقفیت ہے۔ علم کا مطلب اس طرح بھی سمجھا جا سکتا ہے کہ وہ معلومات جو انسانی ارتقاء کرنے کے اسباب اور روکاوٹوں کی معلومات فراہم کریں اسے علم کہتے ہے۔
یاداشت :
یاداشت ہمارے دماغ میں معلومات اور گزشتہ تجربات کو محفوظ، برقرار اور یاد کرنے کی صلاحیت کو کہتے ہے۔ یاداشت ہمارے یاد کئے ہوئے چیزوں کا مجموعہ ہوتا ہے۔ یاداشت ہمیں پچھلے تجربات سے سیکھنے اور اسکے موافقت کیساتھ ساتھ تعلقات کی تعمیر کرنے کی صلاحیت فراہم کرتی ہے۔ یہ گذشتہ تجربات، نقوش، مہارت اور عادات کو ذہن میں رکھنے کی صلاحیت اور یاد کرنے کی طاقت یا عمل ہے۔ یہ ہمارے سیکھے ہوئے چیزوں کی دُکان ہے جو ہماری سرگرمی یا تجربے سے برقرار رہتی ہے۔
سوچ :
کسی چیز پر غور یا استدلال کرنے کے عمل کو سوچ کہتے ہیں۔ سوچنے کی یہ صلاحیت ہمیں دوسرے جانوروں سے الگ اور ممتاز کرتی ہے۔ سوچ ایسا عمل ہے جو ہمارے دماغ میں محفوظ یادوں کا موازنہ نئی معلومات یا دیگر محفوظ یادوں سےکرتی ہے۔
ذہن :
وہ عنصر جو کسی شخص کو دنیا اور اسکے تجربات کو سوچنے اور محسوس کرنے کے بارے میں آگاہ کرنے کے قابل بناتا ہے ہم اسے ذہن کہتے ہیں۔ ذہن تخیل، شناخت اور تعریف کی طاقت رکھتا ہے۔ یہ جذبات کی پروسیسنگ کرتا ہے جس کے نتیجے میں رویے اور اعمال بنتے ہیں۔ دماغ اور ذہن میں فرق ہوتا ہے۔ دماغ کو آنکھ سے دیکھا جا سکتا ہے لیکن ذہن کو نہیں۔ دماغ جسمانی چیز ہے جبکہ ذہن غیر جسمانی۔ اسکو ایسے بھی سمجھا جا سکتا ہے کہ دماغ ہارڈویئر ہے اور ذہن اسکا سافٹ ویئر۔ ہارڈویئر کے بغیر سافٹ ویئر اور سافٹ وئیر کے بغیر ہارڈ ویئر کسی کام کا نہیں۔ دونوں ایک دوسرے سے باہم منسلک ہیں۔ ذہن سوچنے کی صلاحیت اور عقل کی نمائندگی کرتا ہے۔
ذہانت :
علم اور مہارت حاصل کرنے اور اسے لاگو کرنے کی صلاحیت، کسی خیال کی تخلیق یا منصوبہ بندی کی صلاحیت، کسی مسئلے کو حل کرنے یا ابتر صورتحال میں بہترین نتائج کا حصول اور اپنے تخلیق میں منطقی ہونے کو ذہانت کہتے ہیں۔ ذہانت ایک ایسی اصطلاح ہے جو آپکے دماغ اور اسکو استعمال کرنے کی صلاحیت سے پوری طرح منسلک ہے۔ یہ صورتحال کی کی گہرائی میں جانے کی صلاحیت ہے۔ اور ایک حل کیساتھ باہر آتا ہے۔ ذہانت ایک خیال ہے جبکہ ذہن وہ جگہ ہے جہاں سے یہ خیالات ابھرتے ہیں۔
ذہنیت :
آپکی ذہنیت آپکے خیالات اور عقائد کا مجموعہ ہوتی ہے جو آپکے سوچ کی عادات کو تبدیل کرتی ہے اور آپکے خیالات پر اثرانداز ہوتی ہے کہ آپ کس طرح سوچتے ہیں۔ آپ کیا محسوس کرتے ہیں اور آپ کیا کرتے ہیں۔ آپکی ذہنیت آپکے دنیا کے بارے میں احساس پر اثرانداز ہوتی ہے کہ آپ اسکو کیسا سمجھتے ہیں۔ ذہن آپکو مشاہدے اور تجزیے وغیرہ کی اجازت دیتا ہے جبکہ ذہنیت آپکے روئیے اور زندگی بارے اپنے نقطہ نظر کا تعین کرتا ہے۔
شعور :
شعور کا مطلب آپکے علم، معلومات، تجربے اور اعدادوشمار کو عقلمندی اور ذہانت سے استعمال کرنا ہے۔ شعور صحیح اور غلط خواہشات اور ضروریات، اچھے اور برے کے درمیان تفریق کرنے کا فن ہے۔ مختلف صورتحال میں آپ کے فیصلے، اعمال، کامن سینس اور آپکے خیالات ظاہر کرتے ہیں کہ آپ کتنے با شعور ہیں۔ یہ کتابیں یا سکول سے سیکھنے والی چیز نہیں ہے۔ یہ گہرائی میں ایک صورتحال کے بارے میں سوچنے کی صلاحیت ہے۔ شعور کا آغاز صحیح اور غلط کے درمیان فیصلہ کرنا ہے جبکہ دو بدترین حالتوں میں مناسب انتخاب شعور کی انتہا ہے۔
تحریر : ایمان خان

0 تبصرے:

ایک تبصرہ شائع کریں

اردو میں تبصرہ پوسٹ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کر دیں۔