ہفتہ، 21 اکتوبر، 2017


کھانا بنانے کے پیچھے کون سی کیمیائی سائنس ہوتی ہے
باورچی خانے میں چولھے پر کھانا بناتے وقت کچھ دلچسپ کیمیا کو دیکھا جا سکتا ہے۔ صرف چار بنیادی اجزاء - آٹا، چکنائی، چینی اور انڈے – ہی لے کر ان کو مختلف طریقوں سے پکایا جائے تو پکانے کے طریقے میں ہونے والی معمولی لطیف کیمیائی تبدیلیاں ایک جیسے اجزاء کو مختلف بھُربھُرے کیک، خستہ بسکٹس اور پرت دار پیسٹریوں میں بدل دیتی ہیں۔
آٹے میں خمیر کو چھوڑنے یا بڑھانے سے ہوا کے بلبلے بننا شروع ہو جاتے ہیں۔ جب ہوائی بلبلے گرم ہوتے ہیں، تو ان میں موجود گیس پھیلتی ہے، جس سے کیک، ڈبل روٹی اور پھلکا بنتا ہے۔ یہ ہوائی بلبلے دو میں سے ایک طریقہ سے بن سکتے ہیں۔ خمیری سفوف اور کھانے کا سوڈا جیسے کیمیائی پھلکا بنانے والے عامل پانی سے مل کر کاربن ڈائی آکسائڈ گیس بناتے ہیں۔ ملاپ کا یہ عمل بہت تیزی سے وقوع پذیر ہوتا ہے لہٰذا خمیری عامل کو انتہائی احتیاط سے درست مقدار میں رکھنا ہوتا ہے – اگر اسے بہت زیادہ ڈال دیا تو بلبلے بہت بڑے بن کر پھٹ جائیں گے، اس کی مقدار ضرورت سے کم ہوئی تو کیک کے مرکب کی کثافت بلبلوں کو بننے سے ہی روک دے گی۔
آمیزے کو بتدریج پھلانے کے لئے بیکری کا خمیر (سچارومیسیس سیریویسیا) آٹے میں ملانے کے لئے اکثر استعمال ہوتا ہے۔ خمیر پھپھوندی کے خاندان کا یک خلیہ جاندار ہوتا ہے۔ سب سے پہلے خمیر - آکسیجن کا استعمال کرتے ہوئے - ہوا باش میں سانس لیتا ہے اور کاربن ڈائی آکسائڈ کے بلبلے بناتا ہے۔ جب آکسیجن ختم ہو جاتی ہے، تو خمیر تخمیر کے ذریعہ ایتھانول بنانا شروع کر دیتا ہے، بعینہ جیسے آب جو بنایا جاتا ہے، تاہم روٹی کے پیڑے میں بننے والا الکحل بھٹی میں تبخیر ہو جاتا ہے۔
بلبلے بنانا ایک چیز ہے، لیکن انہیں آمیزے میں برقرار رکھنا دوسری چیز جس کے لئے زیادہ بہتر کیمیا کی ضرورت ہوتی ہے۔ ڈبل روٹی زیادہ تر گندم کے آٹے سے بنائی جاتی ہے، اس میں نشاستے کے دانے کے گرد دو اہم پروٹین ہوتے ہیں: گلوٹینن اور گلائیڈن۔ جب آٹے کو پانی کے ساتھ ملایا اور گوندھا جاتا ہے، تو گلوٹینن، گلائیڈن کے ساتھ کراس لنک ہو کر جال بنا کر ایک نیا کھینچنے والا گلوٹین نامی پروٹین بناتے ہیں۔ گلوٹین ایک سپر پروٹین ہوتا ہے، یا پروٹین کمپلیکس، جو لاسٹک کی طرح برتاؤ کرتا ہے اور کھینچنے والے پل بناتا ہے جو نشاستے کے سالمات کو ایک ساتھ پکڑ کر رکھتے ہیں۔ ہلکی، پھولی پھولی نرم روٹی بنانے کا راز ننھے لچکیلے بلبلے بنانے میں ہے؛ جس قدر پیڑے کو گوندھا اور کھینچا جائے گا اتنا ہی مضبوط گلوٹین کا نیٹ ورک بنے گا۔ آٹے میں انڈے بھی گلوٹین کی طرح کام کرتے ہیں، یہ پروٹین باندھنے والے عامل کے طور پر اپنا کردار ادا کرتے ہوئے بلبلوں کو بننے اور کیک کو آپس میں جڑے رہنے میں مدد دیتا ہے۔
مزید جاننے کے لئے دیکھئے:
http://www.jahanescience.com/…/how.it.works.issue.50.the.sc…
#جہان_سائنس #اردو #سائنس #ترجمہ #سمجھیں_ان_کے_کام_کو #کیمیا #ذائقہ #کھانا #کھانا_پکانا #خوراک
#jahanescience

0 تبصرے:

ایک تبصرہ شائع کریں

اردو میں تبصرہ پوسٹ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کر دیں۔